سورة الاعراف - آیت 156

وَاكْتُبْ لَنَا فِي هَٰذِهِ الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ إِنَّا هُدْنَا إِلَيْكَ ۚ قَالَ عَذَابِي أُصِيبُ بِهِ مَنْ أَشَاءُ ۖ وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ ۚ فَسَأَكْتُبُهَا لِلَّذِينَ يَتَّقُونَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَالَّذِينَ هُم بِآيَاتِنَا يُؤْمِنُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور ہمارے لئے اس دنیا اور آخرت میں بھلائی لکھ دے ہم تیری طرف رجوع ہوئے ، فرمایا میرا عذاب اسی پر آتا ہے جسے میں عذاب دیا چاہتا ہوں ، اور میری رحمت ہر شئے کو شامل ہے ، سو اب میں اپنی رحمت عامہ کو خاص انکے حق میں لکھ دوں گا جو ڈرتے اور زکوۃ دیتے اور ہماری آیات پر ایمان لاتے ہیں۔ (ف ١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(88) پہلے موسیٰ (علیہ السلام) نے بنی اسرائیل کے گنا ہوں کی معافی مانگی اور اس کے بعد آخرت کی ہر بھلائی مانگی، اللہ تعالیٰ نے ان کی دعا کا یہ جواب دیا کہ میں گناہ گاروں میں سے جسے چاہتا ہوں عذاب دیتا ہوں، اور اس کی حکمت کو میرے علاوہ کوئی نہیں جانتا اور اس کی بنیاد عدل وانصاف پر ہوتی ہے، اور جسے چاہتا ہوں معاف کردیتا ہوں لیکن میری رحمت تو ہر نیک وبد اور تمام مخلوقات کے لئے عام ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کے نزدیک اصل چیز عذاب وغضب نہیں بلکہ رحمت ہے اسی حقیقت کو بیان کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے حاملین عرش فرشتوں کی زبانی فرمایا : İرَبَّنَا وَسِعْتَ كُلَّ شَيْءٍ رَحْمَةً وَعِلْمًاĬ کہ اے ہمارے رب ! تیری رحمت ہر شے کو شامل اور تیرا علم ہر چیز کو محیط ہے "۔ احمد، مسلم، اور ابو داؤد نے جندب البجلی سے روایت کی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سو حصے ہیں، اس میں سے صرف ایک حصہ رحمت کے ذریعہ تمام مخلوق آپس میں ایک دوسرے پر رحم کرتے ہیں، اور وحشی جانور اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ اور ننانوے حصہائے رحمت قیامت کے دن کے لیے مؤخر کردیئے گئے ہیں۔ (89 ) دنیا میں اللہ تعالیٰ کی رحمت ہر چیز کے لیے عام ہے اسی رحمت عامہ کی وجہ سے دنیا میں ہر جاندار کو رزی ملتی ہے، دنیاوی نعمتوں میں ہر نیک وبد شریک ہے، لیکن آخرت کی نعمت جسے رحمت خاص سے تعبیر کیا جاسکتا ہے، وہ صرف اللہ کے ان بندوں کے لیے خاص ہوگی جو اس دنیاوی زندگی میں گنا ہوں سے بچیں گے زکاۃ دیں گے اور جو اللہ کی آیتوں پر ایمان لائیں گے اور ان پر عمل کریں گے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اس سورت کی آیت (32) میں فرمایا ہے : İ قُلْ هِيَ لِلَّذِينَ آمَنُوا فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا خَالِصَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِĬکہ دنیا کی زینت اور حلال روزی مؤمنوں کو دنیا میں ملے گی، اور آخرت میں انہی کے لیے خاص ہوگی۔