سورة الاعراف - آیت 40

إِنَّ الَّذِينَ كَذَّبُوا بِآيَاتِنَا وَاسْتَكْبَرُوا عَنْهَا لَا تُفَتَّحُ لَهُمْ أَبْوَابُ السَّمَاءِ وَلَا يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ حَتَّىٰ يَلِجَ الْجَمَلُ فِي سَمِّ الْخِيَاطِ ۚ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُجْرِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

جنہوں نے ہماری آیتیں جھٹلائیں ، اور ان سے تکبر کیا ، ان کے لئے آسمان کے دروازے نہ کھولے جائیں گے اور وہ جنت میں داخل نہ ہوں گے یہاں تک کہ اونٹ سوئی کے ناکے میں داخل ہو ، اور مجرموں کو ہم اسی طرح سزا دیتے ہیں ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(28) کافروں کے لیے آسمان کے دروازے نہیں کھولے جائیں گے، بعض مفسرین نے کہا ہے کہ جب وہ مریں گے تو ان کی روحوں کے لیے آسمان کے دروازے نہیں کھو لے جائیں گے، کسی نے کہا، ان کے اعمال کے لیے اور کسی نے کہا، ان کی دعاؤں کے لیے، لیکن راجح یہی ہے کہ سبھی مراد لیے جائیں گے، جیسا کہ ابن عباس (رض) سے مروی ہے کہ نہ ان کا عمل صالح آسمان کی طرف اٹھا یا جائے گا اور نہ ان کی دعا اور جیسا کہ صحیح حدیث میں آیا ہے کہ خبیث روح کے لیے آسمان کا دروازہ نہیں کھولا جائے گا، اس کے بعد اللہ نے فرمایا، کہ جیسے اونٹ کا سوئی کے سوراخ سے گذر نا محال ہے اسی طرح کافر کا جنت میں داخل ہونا محال ہے۔