لِمِثْلِ هَٰذَا فَلْيَعْمَلِ الْعَامِلُونَ
ایسی ہی چیزوں کے لئے چاہیے کہ عمل کرنے والا عمل کریں۔
[٣٥] افضل اعمال کونسے ہیں؟ درج ذیل دو احادیث میں ان اعمال کا ذکر ہے جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے افضل الا عمال بتایا ہے : ١۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ صحابہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا : ’’کون سا عمل افضل ہے؟‘‘ فرمایا : ’’اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا‘‘ صحابہ نے پوچھا : ’’پھر کونسا ؟‘‘ فرمایا : ’’اللہ کی راہ میں جہاد کرنا‘‘ پھر پوچھا : ’’اس کے بعد کون سا ؟‘‘ فرمایا : ’’حج مبرور‘‘ (بخاری۔ کتاب الایمان۔ باب من قال ان الایمان ھوالعمل) ٢۔ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا : ’’اللہ تعالیٰ کو کون سا کام سب سے زیادہ پسند ہے؟‘‘ فرمایا : ’’نماز کو اپنے وقت پر ادا کرنا‘‘ میں نے پوچھا’’پھر کون سا کام؟‘‘ فرمایا :’’ماں باپ سے اچھا سلوک کرنا‘‘ میں نے پوچھا : ’’پھر کون سا ؟‘‘ فرمایا : ’’اللہ کی راہ میں جہاد کرنا‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ تین باتیں بیان کیں اگر میں اور پوچھتا تو آپ اور زیادہ بیان فرماتے۔ (بخاری۔ کتاب مواقیت الصلوٰۃ۔ باب فضل الصلٰوۃ لوقتھا)