سورة سبأ - آیت 10
وَلَقَدْ آتَيْنَا دَاوُودَ مِنَّا فَضْلًا ۖ يَا جِبَالُ أَوِّبِي مَعَهُ وَالطَّيْرَ ۖ وَأَلَنَّا لَهُ الْحَدِيدَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور ہم نے داؤد کو اپنی طرف سے برتری بخشی اے پہاڑ واس کے ساتھ رجوع سے تسبیح پڑھو اور( اے) پرندو (تم بھی) اور ہم نے اس کے لئے لوہے کو نرم کردیا۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[ ١٤] وہ بزرگی یہ تھی کہ آپ بچپن میں محض ایک گڈریے تھے۔ اور بکریاں چرایا کرتے تھے۔ پھر اللہ نے آپ کو حکومت بھی عطا فرمائی اور نبوت بھی۔ اور یہ تفصیل پہلے سورۃ بقرہ کی آیات نمبر ٢٥١ کے تحت گزر چکی ہے۔ [ ١٥] آپ کی خوش الحانی، پہاڑوں اور پرندوں کی آپ سے ہم آہنگی کے لئے (دیکھو سورۃ انبیاء کی آیت نمبر ٧٩ کا حاشیہ نمبر ٦٧) [ ١٦] آپ کے ہاتھ میں لوہے کا نرم ہونا اور آپ کے لوہے کی زرہیں بنانے کے لئے (دیکھئے سورۃ انبیاء کی آیت نمبر ٨٠ کا حاشیہ نمبر ٦٨)