سورة الشعراء - آیت 211

وَمَا يَنبَغِي لَهُمْ وَمَا يَسْتَطِيعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور انہیں لائق نہیں (کہ قرآن اتاریں اور وہ ایسا اتار نے کی) قدرت نہیں رکھتے

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١٢٤] ایسا قرآن نازل کرنا شیطانوں کے بس کا روگ نہیں۔ جو سراسر لوگوں کی ہدایت و فلاح کا ضامن ہو۔ جس میں خالصتاً توحید باری کی تعلیم دی گئی ہے۔ اور شرک اور بت پرستی سے روکا گیا ہے۔ آخرت کی باز پرس کا خوف دلایا گیا ہے۔ ظالم اور بداخلاقی سے منع کیا گیا ہے۔ نیکوکاری اور راست بازی اور خلق خدا کے ساتھ احسان کی تعلیم دی گئی ہے اور اس پر ایمان لانے والوں کو ایک مکمل ضابطہ حیات عطا کیا گیا ہے کیا کسی شیطان کے کلام میں ایسی باتوں کا پایا جانا ممکن ہے؟ شیطان تو قرآن کے نام تک سے بدکتے ہیں وہ ایسا کلام لاکیسے سکتے ہیں؟