سورة الكهف - آیت 90

حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ مَطْلِعَ الشَّمْسِ وَجَدَهَا تَطْلُعُ عَلَىٰ قَوْمٍ لَّمْ نَجْعَل لَّهُم مِّن دُونِهَا سِتْرًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

یہاں تک کہ جب وہ سورج نکلنے کی جگہ جا پہنچا تو اس نے اس کو ایسے لوگوں پر طلوع ہوتے پایا ، جن کیلئے ہم نے سورج کے در سے کچھ پردہ ہی نہ رکھا تھا ۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٧٤] دوسرا سفر مشرق کی طرف تھا وہ علاقے فتح کرتا ہوا بالآخر وہاں تک پہنچ گیا جہاں مہذب دنیا ختم ہوجاتی تھی اور اسے ایسی جانگلی غیرمہذب قوم سے واسطہ پڑا جو اپنا گھر بنانا بھی نہ جانتے تھے۔ سورج کی گرمی یا بارش سے بچنے کے لیے ان کے پاس نہ خیمے کے ہلکے پھلکے گھر تھے اور نہ مکان تھے اور وہ پہاڑوں کی غاروں اور کھوہوں میں اپنا گزر اوقات کیا کرتے تھے یا پھر وہ آفتاب کی تپش اور بارش وغیرہ کو برداشت کرنے کے عادی بن چکے تھے۔