سورة التوبہ - آیت 129
فَإِن تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
پھر اگر وہ مانیں تو کہہ مجھے اللہ کافی ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں ، میں نے اس پر بھروسا کیا ، اور وہ عرش عظیم کا مالک ہے ۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٥٢] یعنی اگر یہ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت، حدر درجہ شفقت، خیر خواہی اور دلسوزی کی کچھ بھی قدر نہیں کرتے تو جانے دیجئے۔ اگر یہ سب لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے منہ پھیر لیں تو یقیناً اللہ تعالیٰ ہی آپ کی مدد کے لیے کافی ہے اور اسی پر بھروسہ کیجئے جو کائنات کی ایک ایک چیز حتیٰ کہ عرش عظیم کا بھی مالک ہے۔