سورة التوبہ - آیت 59

وَلَوْ أَنَّهُمْ رَضُوا مَا آتَاهُمُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ وَقَالُوا حَسْبُنَا اللَّهُ سَيُؤْتِينَا اللَّهُ مِن فَضْلِهِ وَرَسُولُهُ إِنَّا إِلَى اللَّهِ رَاغِبُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اگر وہ اس پر راضی ہوتے ، جو اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انہیں دیا ، اور کہتے کہ ” ہمیں اللہ کافی ہے ، ہمیں اللہ اور اس کا رسول اپنے فضل سے عنقریب دے گا ، ہم تو اللہ کی طرف رغبت کرنے والے ہیں ” تو بہتر تھا ۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٦٤] یعنی منافقوں کے حق میں بہتر یہی تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر اعتماد کرتے اور جو کچھ اللہ نے انہیں پہلے ہی دے رکھا ہے اور اب جو رسول نے انہیں دیا ہے اس پر قناعت کرتے اور راضی ہوجاتے اور اگر انہیں بزعم خود کچھ کسر لگ گئی تھی تو آئندہ کے لیے اللہ کے فضل و کرم پر نگاہ رکھتے۔