سورة الاعراف - آیت 5

فَمَا كَانَ دَعْوَاهُمْ إِذْ جَاءَهُم بَأْسُنَا إِلَّا أَن قَالُوا إِنَّا كُنَّا ظَالِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

سو جب ہمارا عذاب ان پرآیا ، وہ کچھ اور نہ پکار سکے ، صرف یہی کہا کہ ہم ظالم تھے ۔(ف ٣)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

عذاب آنے کے بعد ایسے اعتراف کا کوئی فائدہ نہیں جیسا کہ قرآن میں ہے۔ ﴿فَلَمْ يَكُ يَنْفَعُهُمْ اِيْمَانُهُمْ لَمَّا رَاَوْا بَاْسَنَ﴾ (المومن: ۸۵) ’’جب ہمارا عذاب انھوں نے دیکھ لیا۔ تو اس وقت ان کا ایمان لانا نفع مند نہیں ہوا۔‘‘ مجرم جب پکڑا جاتا ہے تو پھر اقرار جرم کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ عمل کی مہلت ختم ہوجاتی ہے توبہ کا دروازہ بند ہوجاتا ہے۔ سخت نادان ہے وہ شخص جو داعیان حق کی دعوت کو بہرے کانوں سے سنے جاتے ہیں اور خدا کی دی ہوئی مہلت کو غفلتوں اور سرشاریوں میں ضائع کردیتے ہیں اور ہوش میں اس وقت آتے ہیں جب اللہ کی گرفت کا مضبوط ہاتھ ان پر پڑچکا ہوتا ہے ایسے وقت میں ہوش میں آنے کا کوئی فائدہ حسرت و اندوہ کے سوا نہیں ہوتا۔