سورة الانعام - آیت 154

ثُمَّ آتَيْنَا مُوسَى الْكِتَابَ تَمَامًا عَلَى الَّذِي أَحْسَنَ وَتَفْصِيلًا لِّكُلِّ شَيْءٍ وَهُدًى وَرَحْمَةً لَّعَلَّهُم بِلِقَاءِ رَبِّهِمْ يُؤْمِنُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

پھرہم نے موسیٰ کو کتاب دی تھی ، نیکو کار کے لئے پوری نعمت ، اور ہر شئے کی پوری تفصیل اور ہدایت اور رحمت ، شاید کہ وہ اپنے رب کی ملاقات کا یقین کریں ۔(ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قرآن کریم کا یہ اسلوب ہے کہ جہاں قرآن کا ذکر ہوتا ہے وہاں تورات کا اور جہاں تورات کا ذکر ہو وہاں قرآن کا بھی ذکر کردیا جاتا ہے اسی اسلوب کے تحت یہاں تورات کا ذکر اور اس کے اس وصف کا بیان ہے کہ وہ بھی اپنے دور کی ایک جامع کتاب تھی۔ اس میں بھی تمام ضروری امور موجود ہیں جس کی قوم موسیٰ کو ضرورت تھی۔ ہر ہدایت اس میں ملتی ہے سب سے بڑی بات آخرت پر یقین پختہ ہو کہ اپنے رب سے ملاقات ہوگی۔ آخرت پر یقین رکھنے اور نہ رکھنے والوں کا تقابل: پروردگار سے ملاقات سے مراد اللہ کے حضور اعمال کی جوابدہی کا تصور ہے۔ یہ وہ تصور ہے جو انسان کی زندگی کا رخ بدل سکتا ہے آخرت پر ایمان نہ رکھنے والے کی زندگی نہایت آزادانہ، غیر ذمہ دارانہ بلکہ وحشیانہ قسم کی بھی ہوسکتی ہے اور آخرت پر ایمان رکھنے احکام الٰہی کاپابند نواہی سے اجتناب کرنے والا اور دنیا میں انتہائی محتاط اور ذمہ دارا نہ زندگی گزارتا ہے۔