سورة المآئدہ - آیت 100

قُل لَّا يَسْتَوِي الْخَبِيثُ وَالطَّيِّبُ وَلَوْ أَعْجَبَكَ كَثْرَةُ الْخَبِيثِ ۚ فَاتَّقُوا اللَّهَ يَا أُولِي الْأَلْبَابِ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

تو کہہ پاک اور ناپاک برابر نہیں اگرچہ ناپاک کی کثرت تجھے پسند آئے، سو اے عقلمندو ، خدا سے ڈرو ، شاید تمہارا بھلاہو ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

خبیث اور طیب برابر نہیں ہوسکتے: اس آیت کے کئی مطلب ہوسکتے ہیں۔ مثلاً (۱)غلاظت کے ڈھیر سے عطر کا ایک قطرہ زیادہ قدر وقیمت رکھتا ہے۔ (۲) حلال سے کمائے ہوئے پانچ روپے حرام سے کمائے ہوئے سو روپے سے زیادہ قدروقیمت رکھتے ہیں اللہ کی نظر میں۔ (۳)بدکار اور نافرمان آدمیوں کے لشکر کے مقابلہ میں اللہ کے نزدیک گنتی کے چند فرمانبردار اور متقی لوگ زیادہ محبوب ہیں۔ (۴) کوئلے کی پوری کان کے مقابلہ میں چند ہیرے زیادہ قیمتی ہوتے ہیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے پاک اور ناپاک برابر نہیں ہوسکتے۔ اگرچہ وہ تعداد میں کتنے ہی زیادہ ہوں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو حلال کمائی سے ایک کھجور صدقہ کرے تو اللہ اسے دائیں ہاتھ سے قبول کرتا ہے پھر اس کو کھلا پلا کر بڑا کرتا ہے ۔ یہاں تک کہ وہ اُحد پہاڑ تک ہوجاتا ہے۔ (بخاری: ۱۴۱۰) پھر اللہ سے ڈرو کیونکہ یہی کامیابی کا ذریعہ ہے انسان دنیاوی اندیشوں میں جیتا ہے اور اللہ آخرت کے اندیشے میں جینا سکھاتا ہے۔