إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ
بے شک جو تیرا دشمن ہے ، وہی بےنام ہے۔
لاوارث دشمن: ابتر: ایسے شخص كو كہتے ہیں جو مقطوع النسل یا مقطوع الذكر ہو۔ یعنی اس كی ذات پر ہی اس كا خاتمہ ہو جائے یا كوئی اس كا نام لیوا نہ رہے۔ جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم كی اولاد نرینہ زندہ نہ رہی تو بعض كفار نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم كو ابتر كہا، جس پر اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم كو تسلی دی كہ ابتر تو نہیں تیرے دشمن ہی ہوں گے، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم كی نسل كو بھی باقی ركھا گو اس كا سلسلہ لڑكی كی طرف سے ہی ہے۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم كی امت بھی آپ كی اولاد معنوی ہی ہے، جس كی كثرت پر آپ قیامت والے دن فخر كریں گے، اس كے علاوہ آپ كا ذكر پوری دنیا میں نہایت عزت واحترام سے كیا جاتا ہے۔ جبكہ آپ سے بغض وعناد ركھنے والے صفحات تاریخ پر ہی موجود رہ گئے ہیں لیكن كسی دل میں ان كا احترام اور كسی زبان پر ان كا ذكر خیر نہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اور آپ كی آل و اولاد اور ازواج واصحاب پر قیامت تك اپنی رحمتیں بے حد وبكثرت بھیجتا رہے۔ آمین!