سورة النسآء - آیت 130

وَإِن يَتَفَرَّقَا يُغْنِ اللَّهُ كُلًّا مِّن سَعَتِهِ ۚ وَكَانَ اللَّهُ وَاسِعًا حَكِيمًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اگر دونوں میں جدائی ہوجائے تو اللہ ہر ایک کو اپنی کشائش سے غنی کر دے گا اور اللہ کشائش والا حکمت والا ہے (ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ایک صورت جو پچھلی آیات میں بیان ہوئی کہ اگر خاوند بیوی کو ناپسند کرے اور اسے چھوڑنا چاہے ۔ دوسری صورت ایک سے زیادہ بیویوں کی صورت میں مرد کسی ایک طرف جھک جائے۔ یکساں سلوک نہ کرسکے تیسری صورت، کوشش کے باوجود نباہ کی صورت نہ بنے تو پھر طلاق کے ذریعے سے علیحدگی اختیار کرلی جائے،ممکن ہے علیحدگی کے بعد مرد کو مطلوبہ صفات والی بیوی اور عورت کو مطلوبہ صفات والا مرد مل جائے۔ اسلام میں طلاق کو اگرچہ سخت نا پسند کیا گیا ہے۔ لیکن بحالت مجبوری جائز ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: طلاق تو حلال ہے لیکن یہ ایسا حلال ہے جو اللہ کو سخت نا پسند ہے۔ (ابو داؤد: ۲۱۷۹، ابن ماجہ: ۲۰۱۸) اس کے باوجود اللہ نے اس کی اجازت دی ہے۔ اس لیے کہ بعض دفعہ حالات ایسے موڑ پر پہنچ جاتے ہیں کہ اس کے بغیر چارہ نہیں ہوتا اور فریقین کی بہتری اسی میں ہوتی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلیں۔