سورة البقرة - آیت 54

وَإِذْ قَالَ مُوسَىٰ لِقَوْمِهِ يَا قَوْمِ إِنَّكُمْ ظَلَمْتُمْ أَنفُسَكُم بِاتِّخَاذِكُمُ الْعِجْلَ فَتُوبُوا إِلَىٰ بَارِئِكُمْ فَاقْتُلُوا أَنفُسَكُمْ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ عِندَ بَارِئِكُمْ فَتَابَ عَلَيْكُمْ ۚ إِنَّهُ هُوَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جب موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا کہ اے قوم تم نے بچھڑا بنا کے اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے ، اب اپنے پیدا کرنے والے کی طرف توبہ کرو اور اپنی جانوں کو مار ڈالو ، تمہارے پیدا کرنے والےکے نزدیک تمہارے لئے یہی بات بہتر ہے ۔ پھر وہ تم پر متوجہ ہوا ، بیشک وہی معاف کرنے والا مہربان ہے۔ (ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اپنی قوم سے کہا کہ تم نے بچھڑے کو معبود بناکر اپنے آپ پر ظلم کیا ہے اب اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ جن جن لوگوں نے بچھڑے کوپوجا ہے ، ان كو وہ لوگ قتل كریں جنہوں نے گؤسالہ پرستی سے روكا تھا۔ اور جن لوگوں نے نہ تو گؤ سالہ پرستی كی اور نہ اس سے روكا، انھیں معاف کردیا گیا ہے۔ مقتولین کی تعداد 7000ہزار بیان کی گئی ہے۔ (ابن کثیر۔ فتح القدیر)