سورة النسآء - آیت 97

إِنَّ الَّذِينَ تَوَفَّاهُمُ الْمَلَائِكَةُ ظَالِمِي أَنفُسِهِمْ قَالُوا فِيمَ كُنتُمْ ۖ قَالُوا كُنَّا مُسْتَضْعَفِينَ فِي الْأَرْضِ ۚ قَالُوا أَلَمْ تَكُنْ أَرْضُ اللَّهِ وَاسِعَةً فَتُهَاجِرُوا فِيهَا ۚ فَأُولَٰئِكَ مَأْوَاهُمْ جَهَنَّمُ ۖ وَسَاءَتْ مَصِيرًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

جن لوگوں کی روح فرشتے ایسی حالت میں قبض کرتے ہیں کہ اپنی جانوں پر ظلم کررہے ہوتے ہیں ان سے فرشتے پوچھتے ہیں کہ تم کس حال میں تھے ، وہ کہتے ہیں کہ ہم زمین (مکہ) میں عاجز پڑے تھے فرشتے کہتے ہیں کیا خدا کی زمین کشادہ نہ تھی کہ تم بھی اس میں ہجرت کرتے سو ایسوں کا ٹھکانہ دوزخ ہے اور وہ بری جگہ ہے ۔ (ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ہجرت نہ کرنیوالوں کے لیے وعید: یہ آیت ان لوگوں کے بارے میں نازل ہوئی جو مکہ اور اس کے قریب وجوار میں مسلمان تو ہوچکے تھے، لیکن انھوں نے اپنے آبائی علاقے اور خاندان چھوڑ کر اور مسلمانوں کی قوت کو ایک جگہ مجتمع کرنے کے لیے ہجرت کرنے سے گریز کیا۔ جبکہ مسلمانوں کی قوت کو ایک جگہ مجتمع کرنے کے لیے ہجرت کا تاکیدی حکم مسلمانوں کو دیا جاچکا تھا، اس لیے جن لوگوں نے ہجرت کے حکم پر عمل نہیں کیا ان کو یہاں ظالم قراردیا گیا ہے اور ان کا ٹھکانہ جہنم بتلایا گیا ہے اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ حالات و اقعات کے اعتبار سے اسلام کے بعض احکام کفریا اسلام کے مترادف بن جاتے ہیں جیسے اس وقت ہجرت اسلام اور اس سے گریز کفر کے مترادف پایاگیا۔ دوسرا یہ معلوم ہوا کہ ایسے دارالکفر سے ہجرت کرنا فرض ہے۔ جہاں اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنا مشکل اور وہاں رہنا کفر اور اہل کفر کی حوصلہ افزائی کا باعث ہو۔ کیااللہ کی زمین کشادہ نہ تھی سے مراد ہے مکہ کو چھوڑ کر مدینہ ہجرت کرجائیں جہاں مسلمانوں کی ریاست قائم ہوچکی تھی، دوسرا مسلمانوں کی قوت میں بھی اضافہ ہوتا۔ تیسرا مسلمان اپنے دین پر آزادی سے عمل پیراہوسکتے۔ لیکن جنھوں نے اپنے آپ کو کمزور کیا دراصل وہ کمزوری نہیں بلکہ گھربار اور مال و دولت کی ہوس تھی جس کی وجہ سے وہ ہجرت نہیں کرتے تھے۔ یا بزدل تھے، جبکہ اللہ کے ہاں کمزور ایمان مقبول نہیں۔