سورة القيامة - آیت 31

فَلَا صَدَّقَ وَلَا صَلَّىٰ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پھر نہ یقین لایا ۔ اور نہ نماز پڑھی

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ابوجہل كا شیخی بگھارنا اور متكبرانہ خیال: قرآن كی آیات سن كر انھیں جھٹلا دیا۔ نہ نماز پڑھی نہ رسول اللہ اور قرآن كی تصدیق ہی كی۔ الٹا منہ موڑ كر متكبرانہ انداز سے اپنے گھر كی طرف روانہ ہوگیا۔ اس سے ضمناً یہ معلوم ہوتا ہے كہ اللہ كی آیات كو سچا سمجھنے كے لیے سب سے پہلے اہم علامت نماز كی ادائیگی ہے۔ ان آیات میں كافروں كے ایك اور سردار كا بغیر نام لیے كردار پیش كیا گیا ہے یہ كردار ابوجہل كا تھا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے یہ آیات پڑھ كر سنائیں تو بدبخت كہنے لگا محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) مجھ كو كیا ڈراتے ہو۔ میرا نہ تم كچھ بگاڑ سكتے ہو نہ تمہارا پروردگار كچھ بگاڑ سكتا ہے۔ بخدا اس وادی میں میری عزت سب سے زیادہ ہے۔ اور میری محفل سب سے بڑی ہے۔