سورة المنافقون - آیت 7

هُمُ الَّذِينَ يَقُولُونَ لَا تُنفِقُوا عَلَىٰ مَنْ عِندَ رَسُولِ اللَّهِ حَتَّىٰ يَنفَضُّوا ۗ وَلِلَّهِ خَزَائِنُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَلَٰكِنَّ الْمُنَافِقِينَ لَا يَفْقَهُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

وہی ہیں (جو انصار کو) کہتے ہیں کہ (اپنا مال) (ف 1) ان لوگوں پرجو رسول خدا کے پاس ہیں خرچ نہ کرو ۔ یہاں تک کہ وہ بھاگ جائیں اور آسمان اور زمین کے خزانے اللہ کے ہیں ۔ لیکن منافق نہیں سمجھتے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ایك غزوہ میں (جسے اہل سیر غزوئہ مریسیع یا غزوئہ بنی المصطلق كہتے ہیں) ایك مہاجر اور ایك انصاری كا جھگڑا ہوگیا۔ دونوں نے اپنی اپنی حمایت كے لیے انصار اور مہاجرین كو پكارا جس پر عبداللہ بن ابی (منافق) نے انصار سے كہا كہ تم نے مہاجرین كی مدد كی۔ اور ان كو اپنے ساتھ ركھا اب دیكھ لو اس كا نتیجہ سامنے آرہا ہے۔ یعنی یہ اب تمہارا كھا كر تمہیں پر غرا رہے ہیں۔ ان كا علاج تو یہ ہے كہ ان پر خرچ كرنا بند كر دو۔ یہ اپنے آپ تتر بتر ہو جائیں گے۔ نیز اس نے یہ بھی كہا كہ ہم (جو عزت والے ہیں) ان ذلیلوں (مہاجرین) كو مدینے سے نكال دیں گے۔ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ نے یہ كلمات خبیثہ سن لیے اور انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم كو آكر بتلایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداللہ بن ابی كو بلا كر پوچھا تو اس نے صاف انكار كر دیا۔ جس پر حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ كو سخت ملال ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے زید بن ارقم رضی اللہ عنہ كی صداقت كے اظہار كے لیے سورئہ منافقون نازل فرما دی۔ جس میں ابن ابی كا كردار پوری طرح طشت ازبام كر دیا گیا۔ (بخاری: ۴۹۰۰) آسمان وزمین كے خزانے: یعنی مہاجرین كا رازق اللہ تعالیٰ ہے، اس لیے كہ رزق كے خزانے اسی كے پاس ہیں، وہ جس كو جتنا چاہے دے اور جس سے چاہے روك لے۔ منافق اس حقیقت كو نہیں جانتے، اس لیے وہ سمجھتے ہیں كہ انصار اگر مہاجرین كی طرف دست تعاون دراز نہ كریں تو وہ بھوكوں مرجائیں گے۔