سورة الحديد - آیت 26

وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا نُوحًا وَإِبْرَاهِيمَ وَجَعَلْنَا فِي ذُرِّيَّتِهِمَا النُّبُوَّةَ وَالْكِتَابَ ۖ فَمِنْهُم مُّهْتَدٍ ۖ وَكَثِيرٌ مِّنْهُمْ فَاسِقُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور ہم نے نوح (علیہ السلام) اور ابراہیم (علیہ السلام) کو بھیجا اور دونوں کی اولاد میں پیغمبری اور کتاب رکھی ۔ پھر کوئی ان میں راہ پر ہے ۔ اور اکثر ان میں بدکار ہیں

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت نوح اور حضرت ابراہیم علہما السلام کی فضیلت: حضرت نوح علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس فضیلت کو دیکھئے کہ حضرت نوح علیہ السلام کے بعد سے لے کر حضرت ابراہیم علیہ السلام تک جتنے پیغمبر آئے سب آپ ہی کی نسل سے آئے۔ اور پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بعد جتنے نبی اور رسول آئے سب کے سب آپ ہی کی نسل سے ہوئے۔ تمام انبیاء اپنی اولاد اور اپنی امت کو کفر وشرک اور افتراق وانتشار سے بچنے کی تاکید کرتے رہے۔ مگر تھوڑے ہی لوگ ایسے تھے جنھوں نے انبیاء کی وصیت اور نصیحت کو قبول کیا ورنہ لوگوں کی اکثریت کفر وشرک میں ہی مبتلا ہوگئی اور امت واحدہ کے ٹکڑے ٹکڑے بھی کر دئیے۔