سورة الرحمن - آیت 31

سَنَفْرُغُ لَكُمْ أَيُّهَ الثَّقَلَانِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اے آدمیوں اور جنوں ہم تمہارے لئے جلد (ف 1) فارغ ہونگے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ثَقَلَانِ یہ ثقل کی تثنیہ ہے بمعنی بوجھ، وزن، زمین پر آباد جاندار مخلوق میں سے دو بھاری اور كثیر التعداد جماعتیں، دو بڑی انواع جن اور انسان جو مكلف ہیں كیونكہ ان كو تكالیف شرعیہ كا پابند كیا گیا ہے۔ اس پابندی یا بوجھ سے دوسری مخلوق مستثنیٰ ہے۔ فارغ ہونے كا مطلب: یعنی تمہارا حساب لینے كے لیے، اس كا مطلب یہ نہیں كہ اب وہ كسی مشغولیت میں ہے، بلكہ یہ بطور وعید و تہدید کے محاورةً بولا گیا ہے، جیسے غصہ كے وقت كوئی كسی سے كہتا ہے، اچھا فرصت میں میں تجھ سے نمٹ لوں گا تو اس كا مطلب یہ نہیں كہ اس وقت ہم اتنے مشغول ہیں كہ ہمیں تمہارا حساب كتاب لینے كی فرصت نہیں بلكہ اس كا مطلب یہ ہے كہ ابھی تمہارے حساب كتاب كا وقت نہیں آیا، تاہم وہ وقت بھی قریب آرہا ہے، جب اس كائنات كا دوسرا دور شروع ہوگا اور وہ دور بھی بس آیا ہی چاہتا ہے۔ پھر تم اپنے رب كی نعمتوں میں سے كس كس كا انكار كر سكتے ہو۔