سورة محمد - آیت 5

سَيَهْدِيهِمْ وَيُصْلِحُ بَالَهُمْ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

انہیں ہدایت کریگا اور ان کا حال درست کریگا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید ہو جاتے ہیں اللہ ان کی صحیح راستہ کی طرف راہنمائی فرماتا ہے۔ جن سے ان کے لیے جنت کا راستہ آسان ہو جائے گا۔ جیسا کہ سورہ یونس (۹) میں ارشاد ہے کہ: ﴿اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ﴾ ’’جو لوگ ایمان لائے اور نیک کام کیے ان کے ایمان کے باعث ان کا رب انھیں ان جنتوں کی طرف راہبری کرے گا جو نعمتوں سے معمور ہیں اور جن کے چپے چپے میں چشمے بہہ رہے ہیں۔ وہ ایسے باغوں میں داخل ہوں گے جن کا انہیں کتاب و سنت کے ذریعہ سے تعارف کرایا جا چکا ہے۔ اور جب وہ جنت میں داخل ہوں گے تو از خود ہی اپنے اپنے گھروں میں جا داخل ہوں گے۔ اس کی تائید اس حدیث سے بھی ہوتی ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ قسم ہے اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ ایک جنتی کو اپنے جنت والے گھر کے رستوں کا اس سے کہیں زیادہ علم ہو گا جتنا دنیا میں اسے اپنے گھر کا تھا۔ (بخاری: ۶۵۳۵)