سورة الأحقاف - آیت 26

وَلَقَدْ مَكَّنَّاهُمْ فِيمَا إِن مَّكَّنَّاكُمْ فِيهِ وَجَعَلْنَا لَهُمْ سَمْعًا وَأَبْصَارًا وَأَفْئِدَةً فَمَا أَغْنَىٰ عَنْهُمْ سَمْعُهُمْ وَلَا أَبْصَارُهُمْ وَلَا أَفْئِدَتُهُم مِّن شَيْءٍ إِذْ كَانُوا يَجْحَدُونَ بِآيَاتِ اللَّهِ وَحَاقَ بِهِم مَّا كَانُوا بِهِ يَسْتَهْزِئُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور ہم نے انہیں وہ مقدور دیا تھا جو تمہیں نہیں دیا ۔ اور ہم نے ان کو ہاتھ اور کان اور آنکھیں اور دل دیئے تھے سو نہ ان کے کان کچھ کام آئے اور نہ ان کی آنکھیں اور نہ ان کے دل ۔ اس لئے کہ وہ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے تھے اور جس بات پر وہ ٹھٹھا کرتے تھے اسی نے ان کو آگھیرا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ اہل مکہ کو خطاب کر کے کہا جا رہا ہے کہ تم کیا چیز ہو۔ تم سے پہلی قومیں جنھیں ہم نے ہلاک کیا، قوت و شوکت میں تم سے کہیں زیادہ تھیں۔ لیکن جب انہوں نے اللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں یعنی آنکھ، کان اور دل کو حق دیکھنے، حق سننے اور حق سمجھنے کے لیے استعمال نہیں کیا۔ تو بالآخر ہم نے انھیں تباہ کر دیا۔ اور یہ چیزیں ان کے کچھ کام نہ آ سکیں۔