سورة آل عمران - آیت 160
إِن يَنصُرْكُمُ اللَّهُ فَلَا غَالِبَ لَكُمْ ۖ وَإِن يَخْذُلْكُمْ فَمَن ذَا الَّذِي يَنصُرُكُم مِّن بَعْدِهِ ۗ وَعَلَى اللَّهِ فَلْيَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُونَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اگر خدا تمہاری مدد کرے گا تو کوئی تم پر غالب نہ ہوگا اور اگر وہ تمہیں چھوڑ دے گا تو اس کے بعد کون ہے کہ تمہاری مدد کرے اور چاہئے کہ ایماند ار خدا ہی پر بھروسہ رکھیں ۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
جنگ اُحد کے دوران جو لوگ مورچہ چھوڑکر مال غنیمت سمیٹنے دوڑپڑے تھے جس کی وجہ سے انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی بھی کی اس آیت میں یہ بتایا جارہا ہے کہ بھروسہ تو صرف اس پر کیا جاسکتا ہے جو سب سے زیادہ طاقت ور اور سب اسباب پر غالب و حاکم ہو اور ایسی ذات صرف ایک اللہ ہی کی ہے لہٰذا وہی بھروسہ کے قابل ہے۔