سورة الزمر - آیت 5

خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِالْحَقِّ ۖ يُكَوِّرُ اللَّيْلَ عَلَى النَّهَارِ وَيُكَوِّرُ النَّهَارَ عَلَى اللَّيْلِ ۖ وَسَخَّرَ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ ۖ كُلٌّ يَجْرِي لِأَجَلٍ مُّسَمًّى ۗ أَلَا هُوَ الْعَزِيزُ الْغَفَّارُ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

آسمانوں اور زمین کو ٹھیک پیدا کیا ۔ رات کو دن پر لپیٹتا ہے اور دن کو رات پر اور سورج اور چاند کو مسخر کیا ۔ ہر ایک وقت (ف 1) مقررہ تک چلتا ہے ۔ سنتا ہے وہی ہے زبردست گناہ بخشنے (ف 2) والا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

تخلیق کائنات اور عقیدہ توحید: ہر چیز کا خالق و مالک، سب پر حکمران اور سب پر قابض اللہ ہی ہے۔ دن رات کا الٹ پھیر اسی کے ہاتھ میں ہے، اسی کے حکم سے انتظام کے ساتھ دن رات ایک دوسرے کے پیچھے مسلسل اور برابر چلے آرہے ہیں نہ وہ آگے بڑھ سکے نہ وہ پیچھے رہ سکے سورج چاند کو اس نے مسخر کر رکھا ہے۔ یہ چاند سورج جب سے پیدا کیے گئے ہیں انسان کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ قیامت تک تم اس انتظام میں کوئی فرق نہ پاؤ گے لیکن یہ نظام شمس و قمر بھی ابدی نہیں ہے۔ ایک وقت آئے گا جب اس کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ وہی سب پر غالب ہے: اللہ تعالیٰ کائنات کی ہر چیز سے زبردست اور ان سب پر غالب ہے۔ وہ عزت و عظمت والا، کبریائی اور رفعت والا ہے۔ گنہگاروں اور عاصیوں کو وہی بخشنے والا، مہربان ہے۔