سورة الصافات - آیت 77

وَجَعَلْنَا ذُرِّيَّتَهُ هُمُ الْبَاقِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اسی کی اولاد کو ہم نے باقی رہنے والی بنایا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کیا نوح علیہ السلام آدم ثانی ہیں: یہاں صرف اتنا مذکور ہے کہ طوفان نوح علیہ السلام کے بعد نسل انسانی صرف نوح کے تین بیٹوں (حام، سام اور یافث) سے چلی اور چوتھا بیٹا (یام کافر تھا جو طوفان نوح علیہ السلام میں غرق ہو گیا تھا)۔ اسی لیے حضرت نوح علیہ السلام کو آدم ثانی بھی کہا جاتا ہے یعنی آدم علیہ السلام کی طرح یہ دوسرے ابو البشر ہیں۔ سام کی نسل سے عرب، فارس، روم اور یہود و نصاریٰ ہیں۔ حام کی نسل سے سوڈان (مشرق سے مغرب تک ) یعنی سندھ، ہند۔ نوب، زنج، حبش، قبط اور بربر وغیرہ ہیں۔ اور یافث کی نسل سے صقالبہ، ترک، خزر، اور یاجوج ماجوج وغیر ہ ہیں۔ (فتح القدیر) واللہ اعلم