سورة البقرة - آیت 31

وَعَلَّمَ آدَمَ الْأَسْمَاءَ كُلَّهَا ثُمَّ عَرَضَهُمْ عَلَى الْمَلَائِكَةِ فَقَالَ أَنبِئُونِي بِأَسْمَاءِ هَٰؤُلَاءِ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اس نے آدم (علیہ السلام) کو سب چیزوں کے نام سکھائے پھر انکو فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور کہا تم مجھے ان چیزوں کے نام بتلاؤ ، اگر تم سچے ہو ۔ (ف ٣)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ نے جب آدم کو منصب خلافت پر فائز کیا تو اس راز سے پردہ بھی اٹھادیا اور القاو الہام کے ذریعے سب کے سب نام آدم کو سکھادیے یہ ایک صلاحیت اور ایک قوت تھی جو اللہ تعالیٰ نے انسان کو دی ۔ سارے علم كی بنیاد چیزوں کے نام پر ہے ۔ پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم سے کہا کہ ان چیزوں کے نام بتاؤ تو انھوں نے فوراً سب کچھ بیان کردیا جو فرشتے نہ کرسکے اس طرح اللہ تعالیٰ نے ایک تو فرشتوں پر تخلیق آدم كی حكمت واضح کردی اور دوسرے دنیا کا نظام چلانے کے لیے علم کی اہمیت و فضیلت بیان کردی۔ یہ حکمت و فضیلت دیکھ کر فرشتوں نے اپنی علم و فہم کی کمی کا اعتراف کرلیا۔ دوسرے اس سے یہ بھی واضح ہوگیا کہ غیب کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہی ہے اور اللہ کے برگزیدہ بندوں کو اتنا ہی علم ہوتا ہے جتنا انھیں عطا کیا جاتا ہے۔