سورة سبأ - آیت 7

وَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا هَلْ نَدُلُّكُمْ عَلَىٰ رَجُلٍ يُنَبِّئُكُمْ إِذَا مُزِّقْتُمْ كُلَّ مُمَزَّقٍ إِنَّكُمْ لَفِي خَلْقٍ جَدِيدٍ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور کافروں نے آپس میں کہا کہ کیا ہم تمہیں ایک آدمی بتائیں ؟ جو تمہیں یہ خبر دیگا کہ جب تم بالکل پارہ پارہ ہوجاؤ گے تو تم کو نئی پیدائش میں آنا ہوگا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کافر اور ملحد: منکرین آخرت اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مذاق اڑاتے تھے اور آپس میں کہتے تھے کہ لو اور سنو، ہم میں ایک صاحب فرماتے ہیں کہ جب مر کر مٹی میں مل جائیں گے اور چورہ چورہ اور ریزہ ریزہ ہو جائیں گے، اس کے بعد بھی ہم زندہ کیے جائیں گے۔ اس شخص کی نسبت دو ہی خیال ہو سکتے ہیں یعنی یا تو یہ جھوٹ بول رہا ہے۔ اور اللہ کی طرف سے وحی و رسالت کا دعویٰ، یہ اس کا اللہ پر افترا ہے۔ یا پھر اس کا دماغ چل گیا ہے۔ اور دیوانگی میں ایسی باتیں کر رہا ہے جو نا معقول ہیں۔