سورة السجدة - آیت 12

وَلَوْ تَرَىٰ إِذِ الْمُجْرِمُونَ نَاكِسُو رُءُوسِهِمْ عِندَ رَبِّهِمْ رَبَّنَا أَبْصَرْنَا وَسَمِعْنَا فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا إِنَّا مُوقِنُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور کاش تو دیکھے ۔ جب مجرم اپنے رب کے سامنے اپنے سر نیچے کئے ہونگے اے ہمارے رب ہم نے دیکھ لیا اور سن لیا اب ہمیں (دنیا میں) پھر بھیج کہ ہم نیکی کریں ۔ اب ہمیں یقین آگیا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جب یہ گنہگار اپنا دوبارہ جینا خود اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے۔ اور نہایت ذلت و حقارت کے ساتھ نادم ہو کر گردنیں جھکائے، سر ڈالے اللہ کے سامنے کھڑے ہوں گے اس وقت کہیں گے کہ اے اللہ، ہماری آنکھیں روشن ہو گئیں۔ کان کھل گئے اب ہم تیرے احکام کی بجا آوری کے لیے ہر طرح تیار ہیں۔ اس دن خوب سوچ سمجھ والے دانا و بینا ہو جائیں گے سب اندھا پن اور بہرا پن جاتا رہے گا، خود اپنے آپ کو ملامت کرنے لگیں گے اور جہنم جاتے ہوئے کہیں گے کہ اگر کانوں اور آنکھوں سے دنیا میں کام لیتے تو آج جہنمی نہ بنتے۔ اب اللہ تعالیٰ سے عرض کریں گے کہ ہمیں پھر سے دنیا میں بھیج دے تو ہم نیک اعمال کر کے آئیں گے۔ ہمیں اب یقین ہو گیا ہے کہ تیری ملاقات سچ ہے۔ تیرا کلام حق ہے۔ (ابن کثیر)