سورة الروم - آیت 23

وَمِنْ آيَاتِهِ مَنَامُكُم بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَابْتِغَاؤُكُم مِّن فَضْلِهِ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَسْمَعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اس کی نشانیوں میں سے تمہارا رات اور دن کا سونا اور تمہارا اس کے فضل (روزی) کو تلاش کرنا ہے بےشک اس میں ان لوگوں کے لئے جو سنتے ہیں نشانیاں ہیں

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

نیندبھی قدرت کی ایک نشانی ہے،جس سے تھکان دورہوجاتی ہے،راحت وسکون حاصل ہوتاہے۔کام کاج کے لیے،دنیاحاصل کرنے کے لیے،تلاش معاش کے لیے،اس اللہ نے دن کوپیداکردیا۔جورات کے بالکل خلاف ہے، یقینا سننے، دیکھنے، سمجھنے والوں کے لیے یہ چیزیں نشان قدرت ہیں انسان کو بس اتنا معلوم ہے کہ جب وہ زیادہ تھک جائے تو اس کی مرضی ہو یا نہ ہو نیند اسے آدبوچتی ہے،کام کاج کے دوران جو (sell) سیل انسان کے جسم سے جاتے ہیں ان کی مرمت شروع ہوجاتی ہے۔اوران کی بجائے نئے سیل بن جاتے ہیں۔اورجب یہ ساراکام انجام پاجاتاہے توانسان کو خود بخود جاگ آجاتی ہے یعنی نیند کا آنا، نیند سے تھکن دور ہونا پھر تھکن دور ہوکر نیند سے از خود ہی بیدار ہو جانا، یہ سب نعمتیں اللہ تعالیٰ نے عطا کیں ہیں، جو سراسر حکمت اورمصلحت برمبنی ہیں اور ان میں کسی دوسرے الٰہ کا کوئی عمل دخل نہیں۔