سورة النمل - آیت 63

أَمَّن يَهْدِيكُمْ فِي ظُلُمَاتِ الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَمَن يُرْسِلُ الرِّيَاحَ بُشْرًا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهِ ۗ أَإِلَٰهٌ مَّعَ اللَّهِ ۚ تَعَالَى اللَّهُ عَمَّا يُشْرِكُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

بھلا کون جنگل اور دریا کی تاریکیوں میں تمہیں راہ بتاتا ہے اور کون اپنی رحمت (ف 1) کے آگے آگے خوشخبری دینے کے لئے ہوائیں بھیجتا ہے ۔ کیا اللہ کے ساتھ اور کوئی معبود ہے اللہ ان کے شرک سے بہت بلند ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ستاروں کے فوائد: رات کی تاریکیوں میں راہ معلوم کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے چاند اور ستارے بنادیے کہ خشکی اور تری میں جو راہ بھول جائے وہ انھیں دیکھ کر راہ پالے۔ بارش سے پہلے ٹھنڈی ہوائیں جو بارش کی پیامبر ہی نہیں ہوتیں بلکہ ان خشک سالی کے مارے ہوئے لوگوں میں خوشی کی لہر بھی دوڑ جاتی ہے کہ اب رب کی رحمت برسے گی، اللہ کے سوا ان کاموں کاکرنے والا کوئی نہیں نہ کوئی ان پر قادر ہے، تمام شریکوں سے وہ الگ ہے،پاک ہے سب سے بلند ہے۔