سورة النمل - آیت 14

وَجَحَدُوا بِهَا وَاسْتَيْقَنَتْهَا أَنفُسُهُمْ ظُلْمًا وَعُلُوًّا ۚ فَانظُرْ كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُفْسِدِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور بےانصافی اور غرور سے ان کا انکار کیا باوجودان کے دل ان معجزات کا یقین کرچکے تھے پس دیکھ کہ مفسدوں کا انجام کیا ہوا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ایمان اور کفر کی چار اقسام اور جحود کامفہوم: واضح رہے کہ تصدیق و تکذیب کے لحاظ سے ایمان اور کفر کی چار قسمیں ہیں۔ (۱)دل بھی رسالت کی تصدیق کرے اور زبان بھی اقرار کرے، یہ صحیح اور خالص ایمان ہے۔ (۲)دل بھی تکذیب کرے اور زبان بھی انکار کرے، یہ خالص کفر ہے۔ (۳) دل تکذیب کرے یعنی دل میں کفر ہو اور زبان سے ایمان کااقرار کرے یہ نفاق ہے۔ (۴) دل تصدیق کرے لیکن زبان انکار کرے یہ جحود ہے۔ ان میں سے صرف پہلی قسم اللہ کے ہاں مقبول اور پسندیدہ ہے اور تیسری اور چوتھی قسم بھی اگرچہ کفر میں شامل ہے، لیکن یہ بدترین قسم کا کفر ہے اور ایسے لوگ عام کافروں سے زیادہ سزا یاعذاب کے مستحق ہوتے ہیں کیونکہ یہ دونوں اپنی دلی کیفیت کے خلاف گواہی دیتے ہیں۔