سورة الشعراء - آیت 26

قَالَ رَبُّكُمْ وَرَبُّ آبَائِكُمُ الْأَوَّلِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

موسیٰ نے کہا ۔ تمہارا رب اور تمہارے اگلے باپ دادوں کا رب۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

درباریوں کے جواب دینے سے پہلے ہی موسیٰ علیہ السلام نے بھرے دربار میں فرعون سے مخاطب ہو کر کہا کہ رب وہ ہے جو سب کا خالق ہے، سب کا مالک ہے، سب پر قادر ہے، سب کا معبود ہے۔ یکتا ہے، اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ آسمان وزمین اور اس کے درمیان کی سب چیزیں اسی کی پیدا کی ہوئی ہیں۔ جس کا تمام تر وسائل پر براہ راست کنٹرول ہے، اگر وہ ایک سال یا چند سال بارش نہ برسائے تو تم رعیت تو درکنار اپنی خوراک تک کے لیے ترس جاؤ گے، رب العالمین وہ ہے جو خود تمہیں اور تمہارے سب آباء واجداد کو رزق دیتا ہے اور وہی تمہارا حقیقی پروردگار ہے اور میں اس رب العالمین کا رسول ہوں۔