سورة الفرقان - آیت 71

وَمَن تَابَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَإِنَّهُ يَتُوبُ إِلَى اللَّهِ مَتَابًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جس نے توبہ کی اور نیک کام کئے سو وہ اللہ کی طرف رجوع ہونے کی جگہ رجوع ہوتا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

توبہ کا فائدہ اور شرائط: سابقہ آیت میں ان لوگوں کو تذکرہ تھا جو کفر سے توبہ کرتے اور دائرہ اسلام میں داخل ہوتے ہیں- اس آیت میں ان مسلمانوں کا ذکر ہے جن سے گناہ سر زد ہو جائیں اور وہ توبہ کرتے ہیں۔ توبہ کی قبولیت کی شرائط: کہ وہ فی الواقع اپنے کیے پر نادم ہو، پھر اللہ سے استغفار کرے، استغفار کے بعد اپنی اصلاح کرے اور کم از کم اس سے وہ گناہ سرزد نہ ہو جس سے اس نے توبہ کی تھی۔ اب وہ توبہ کے بعد جس قدر اپنی اصلاح کرتا اور اعمال صالح بجا لاتا رہے گا اسی قدر وہ اللہ کے حضور مقرب بنتا جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اسلام پچھلے گناہوں کو مٹا دیتا ہے۔‘‘ (مسلم: ۱۲۱)