سورة البقرة - آیت 267

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَنفِقُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا كَسَبْتُمْ وَمِمَّا أَخْرَجْنَا لَكُم مِّنَ الْأَرْضِ ۖ وَلَا تَيَمَّمُوا الْخَبِيثَ مِنْهُ تُنفِقُونَ وَلَسْتُم بِآخِذِيهِ إِلَّا أَن تُغْمِضُوا فِيهِ ۚ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ غَنِيٌّ حَمِيدٌ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

مومنو ! اپنی کمائی کی اچھی چیزوں میں سے اور اس میں سے جو ہم نے تمہارے لئے زمین سے نکالا ہے خرچ کرو اور گندی شے پر نیت نہ رکھو کہ اس میں سے خرچ کرنے لگو ، حالانکہ تم خود اسے کبھی نہ لوگے ۔ مگر یہ کہ اس میں چشم پوشی کر جاؤ اور جان کو کہ اللہ بےپرواہ خوبیوں والا ہے ۔(ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

شان نزول: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ یہ آیت ہم گروہ انصار کے حق میں نازل ہوئی۔ ہم کھجوروں والے تھے۔ ہر کوئی اپنی کثرت و قلت کے موافق کوئی ایک خوشہ کوئی د و خوشہ لے کر آتے اور انھیں مسجد میں لٹکادیتے اہل صفہ کا یہ حال تھا کہ ان کے پاس کھانے کو کچھ نہ ہوتا تھا۔ ان میں سے جب کوئی آتا تو عصا سے خوشہ کو ضرب لگاتا تو اس سے تروتازہ کھجوریں گر پڑتی جنھیں وہ کھالیتا۔ اور جنھیں نیکی کی رغبت نہ ہوتی وہ ایسے خوشے لاتے جن میں ناقص اور ردی کھجوریں ہوتیں۔ ٹوٹے پھوٹے خوشے لیکر آتے اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ (ترمذی: ۲۹۸۷)اس آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ (۱)خرچ کرو۔ (۲) پاک چیزوں میں سے۔ (۳) ردی چیزیں دینے کا ارادہ نہ کرو۔ ردی چیز لینے والے پر کیا بیتتی ہے۔ صدقہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکیزہ کمائی سے ہو چاہے وہ تجارت و صنعت کے ذریعے سے ہو یا فصل و باغا ت کی پیداوار سے ہو۔ ردی چیزوں سے مراد: وہ چیزیں اللہ کی راہ میں خرچ نہ کر وجو غلط کمائی سے ہوں اللہ تعالیٰ اسے قبول نہیں کرتا۔ ایك حدیث میں وارد ہے كہ ’’ اللہ تعالیٰ پاک ہے وہ پاک و حلال چیزیں قبول فرماتا ہے۔‘‘ (بخاری: ۱۴۱۰) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ کشتی مضبوط باندھ لو سمندر بہت گہرا ہے یعنی دنیا کا سمندر۔ انسان کی کشتی اس کا عمل ہے۔‘‘ مضبوط ارادہ، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا، تقویٰ اختیار کرنا اللہ کا خوف علم سے ملتا ہے۔ گھنے پیڑوں کے سایہ تلے چھوٹے پیڑ سوکھ جاتے ہیں۔ ارادے جن کے پختہ ہوں نظر جن کی خدا پر ہو طلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر ابن آدم کے سب پیچھے اور آگے آنیوالے متقی ہوجائیں تو اللہ کی کائنات میں کوئی فائدہ ہونیوالا نہیں اور اگر سب فجور کرنیوالے ہوجائیں تو اللہ کا کچھ نقصان نہیں ہوگا۔(مسلم: ۲۵۷۷) جو کچھ زمین سے نکالا ہے: اس میں سے دوسروں کا حصہ نکالنا ضروری ہے۔ زکوٰۃ ادا کرنی چاہیے۔ اللہ کا مشن دین پھیلانا ہے اس میں مال لگایا تو اللہ کے مشن میں حصہ ڈالا۔ جہاد کرلیا۔ دعوت دین کا کام کرلیا۔