سورة المؤمنون - آیت 20

وَشَجَرَةً تَخْرُجُ مِن طُورِ سَيْنَاءَ تَنبُتُ بِالدُّهْنِ وَصِبْغٍ لِّلْآكِلِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور وہ درخت پیدا کیا جو سینا (پہاڑ) سے نکلتا ہے ، کہ تیل اور کھانے والوں کے لئے سالن اگاتا ہے ۔(ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

پھر زیتون کے درخت کا ذکر فرمایا، طور سینا وہ پہاڑ ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام سے بات کی تھی پس طور سینا میں جس درخت سے زیتون پیدا ہوتا ہے، اس میں سے تیل نکلتا ہے، جو کھانے والوں کو سالن کا کام دیتا ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ ’’زیتون کا تیل کھاؤ اور لگاؤ وہ مبارک درخت میں سے نکلتا ہے۔ (احمد: ۳/ ۴۹۷، ترمذی: ۱۸۵۷) طور سینا اور اس کا قرب وجوار خاص طور پر اس عمدہ قسم کی پیداوار کا علاقہ ہے۔