سورة البقرة - آیت 19

أَوْ كَصَيِّبٍ مِّنَ السَّمَاءِ فِيهِ ظُلُمَاتٌ وَرَعْدٌ وَبَرْقٌ يَجْعَلُونَ أَصَابِعَهُمْ فِي آذَانِهِم مِّنَ الصَّوَاعِقِ حَذَرَ الْمَوْتِ ۚ وَاللَّهُ مُحِيطٌ بِالْكَافِرِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

یا (ان کی ایسی مثال ہے) جیسے آسمان سے مینہ برسے اس میں اندھیرے اور گرج اور بجلی ہو ، کڑک کے مارے موت کے ڈر سے وہ اپنے کانوں میں انگلیاں ڈالتے ہیں اور اللہ منکروں کو گھیر رہا ہے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی کانوں میں انگلیاں ٹھونس کر وہ اپنے آپ کو کچھ دیر کے لیے اس غلط فہمی میں تو ڈال سکتے ہیں کہ ہلاکت سے بچ جائیں گے جیسے کبوتر بلی کو دیکھ کر آنکھیں بند کرلیتا ہے مگر حقیقتاً وہ اس طرح بچ نہیں سکتے کیونکہ اللہ نے اپنی تمام طاقتوں کے ساتھ ان کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ زور کی بارش ہورہی ہے یہ دوسری قسم کے منافقوں کی مثال ہے پہلی مثال ان منافقوں کی تھی جو دل میں اسلام سے قطعی منکر تھے مگر کسی غرض اور مصلحت کی وجہ سے مسلمان ہوگئے تھے۔ دوسری قسم کے منافق شک ، تذبذب اور ایمان كی كمزوری میں مبتلا تھے اس مثال میں زوردار بارش سے مراد اسلامی احکامات ہیں جو پے درپے نازل ہورہے تھے جو انسانیت کے لیے رحمت ہی رحمت تھے اور اس میں اندھیری گھٹا اور كڑک سے مراد وہ مشکلات و مصائب ہیں جو مسلمانوں کو اقامت دین كی راہ میں پیش آرہے تھے۔ چمک سے مراد کامیابیاں و کامرانیاں ہیں جو مسلمانوں کو حاصل ہورہی تھیں۔ اب جب کوئی کڑک یعنی مصیبت مسلمانوں کو پیش آتی تو یہ منافق اپنی جان بچانے کی خاطر مسلمانوں سے الگ ہوکر حفاظتی اقدامات شروع کردیتے، پھر جب معاملہ ذرا آسان ہو جاتا اور مصائب دور ہوجاتے تو یہ لوگ پھر اسلام کی طرف مائل ہوجاتے اور جب کوئی سخت حكم نازل ہوتا تو وہیں ٹھٹھک کر کھڑے کے کھڑے رہ جاتے۔