أَوْ كَالَّذِي مَرَّ عَلَىٰ قَرْيَةٍ وَهِيَ خَاوِيَةٌ عَلَىٰ عُرُوشِهَا قَالَ أَنَّىٰ يُحْيِي هَٰذِهِ اللَّهُ بَعْدَ مَوْتِهَا ۖ فَأَمَاتَهُ اللَّهُ مِائَةَ عَامٍ ثُمَّ بَعَثَهُ ۖ قَالَ كَمْ لَبِثْتَ ۖ قَالَ لَبِثْتُ يَوْمًا أَوْ بَعْضَ يَوْمٍ ۖ قَالَ بَل لَّبِثْتَ مِائَةَ عَامٍ فَانظُرْ إِلَىٰ طَعَامِكَ وَشَرَابِكَ لَمْ يَتَسَنَّهْ ۖ وَانظُرْ إِلَىٰ حِمَارِكَ وَلِنَجْعَلَكَ آيَةً لِّلنَّاسِ ۖ وَانظُرْ إِلَى الْعِظَامِ كَيْفَ نُنشِزُهَا ثُمَّ نَكْسُوهَا لَحْمًا ۚ فَلَمَّا تَبَيَّنَ لَهُ قَالَ أَعْلَمُ أَنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
یا مانند اس شخص کی جو گزرا ایک گاؤں پر اور وہ گاؤں اپنی چھتوں پر گرا ہوا تھا تو اس نے کہا کہ اس شہر کو اس کے مرے پیچھے اللہ کیونکر جلائے گا ، سو خدا نے اس کو سو برس تک مار رکھا ، پھر اسے اٹھایا اور پوچھا کہ تو کتنی دیر تک رہا ، اس نے کہا ، ایک دن یا دن سے بھی کچھ کم ، فرمایا نہیں بلکہ تو تو سو (١٠٠) برس تک مردہ رہا ، اب تو اپنا کھانا پینا دیکھ کہ وہ بالکل نہیں سڑا اور تو اپنے گدھے کو بھی دیکھ اور یہ اس لئے کہ ہم تجھے آدمیوں کے لئے ایک نشان بنانا چاہتے ہیں اور تو ہڈیوں کی طرف دیکھ کہ ہم ان کو کس طرح ابھار کر جوڑ دیتے ہیں ، پھر ان پر گوشت پہناتے ہیں ، پھر جب اس پر یہ بھید ظاہر ہوگیا تو اس نے کہا میں جانتا ہوں کہ خدا ہر شے پر قادر ہے ۔(ف ١)
اشیائے کائنات میں اللہ تعالیٰ کس کس طرح حیران کن تصرف کرسکتا ہے یہ بتانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے ایک دوسرا واقعہ بیان فرمایا: یہ واقعہ سیدنا عزیر علیہ السلام سے متعلق ہے، جن کے متعلق مشہور ہے کہ انھیں ساری تورات زبانی یاد تھی۔ بخت نصر نے شام پر حملہ کرکے بیت المقدس کو ویران کردیا اور بہت سے اسرائیلیوں کو قید کرکے بابل لے گیا کچھ مدت بعد رہائی ہوئی آپ وطن واپس آرہے تھے کہ راستے میں ایک اجڑی ہوئی بستی دیکھی اور دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ اب اسے اللہ کب اور کیسے آباد کرے گا۔ آپ گدھے پر سوار تھے اور کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ تھا بس یہ خیال آتے ہی اللہ تعالیٰ نے اسکی روح قبض کرلی اور پورے سو سال سُلا کر زندہ کیا پھر پوچھا بتا ؤ کتنی مدت اس حال میں پڑے رہے، عزیر علیہ السلام کہنے لگے دن کا کچھ حصہ یا پورا دن۔ اجڑی بستی اور سیدنا عزیز: اللہ تعالیٰ نے فرمایا دیکھو تم سو سال یہاں پڑے رہے ہو۔ سیدنا عزیر نے اپنے جسم کی حالت دیکھی اور اپنا کھانا دیکھا جو ابھی تك تروتازہ تھا تو سمجھا کہ یہ وہی دن ہے جب ان پر نیند طاری ہوئی تھی۔ مگر جب اپنے گدھے کی بوسیدہ ہڈیوں کو دیکھا تو سمجھے کہ واقعی سوسال گزرچکے ہوں گے۔ پھر ان کے دیکھتے ہی دیکھتے ہڈیوں پر گوشت پوست چڑھنے لگا اور گدھا زندہ ہوکر کھڑا ہوگیا۔ بستی جو اجڑی تھی وہ بھی آباد ہوچکی تھی۔ اس واقعہ سے جو معجزات وقوع پذیر ہوئے: (۱)سیدنا عزیر، ان کا گدھا اور بستی بھی مرنے کے بعد زندہ ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے سیدنا عزیر کو تین طریقوں سے جواب دیا جس سے آپ کو عین الیقین حاصل ہوگیا۔ (۲) سوسال کی مدت میں نہ آپ کی ذات کو کچھ اثر ہوا نہ سامان خوردونوش پر ۔ (۳) آپ کی آنکھوں کے سامنے گدھے کی ہڈیوں کا جڑنا پنجر کا مکمل ہونا اس پر گوشت پوست چڑھنا پھر اس کا زندہ ہونا اللہ تعالیٰ کی قدرت کاملہ پر بہت بڑی دلیل ہے۔ علم القین، حق القین،عین القین: علم کے تین درجے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ انبیاء کو گزارتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کے سامنے حقائق کو کھول کر بیان کریں۔