اللَّهُ وَلِيُّ الَّذِينَ آمَنُوا يُخْرِجُهُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۖ وَالَّذِينَ كَفَرُوا أَوْلِيَاؤُهُمُ الطَّاغُوتُ يُخْرِجُونَهُم مِّنَ النُّورِ إِلَى الظُّلُمَاتِ ۗ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ
خدا ایمان داروں کا دوست ہے ‘ وہ ان کو تاریکیوں سے روشنی میں لاتا ہے (ف ٢) اور جو کافر ہیں ‘ ان کے دوست شیاطین ہیں ‘ وہ ان کو روشنی سے تاریکیوں میں لے جاتے ہیں ، وہی دوزخی ہیں وہ دوزخ میں ہمیشہ رہیں گے ۔
ضلالت کے اندھیرے کئی طرح کے ہیں جبکہ اسلام کا نور ایک ہی ہے اور ایک ہی طرح کا ہے ۔ طاغوت بیشمار ہوسکتے ہیں مگر معبود حقیقی صرف ایک اللہ ہے جو شخص اللہ کے اس مضبوط حلقہ یعنی شریعت کو تھامے رکھتا ہے اللہ اس کا سرپرست بن جاتا ہے اور اسے کفر و ضلالت سے نکال کر اسلام کی روشنی کی طرف لے آتا ہے۔ اور جو لوگ اس مضبوط حلقہ یا شریعت سے اعراض و انکار کرتے ہیں تو ہر طرح کے طاغوت اس کے سرپرست بن جاتے ہیں اور اسے راہ ہدایت سے منحرف کرکے کفر اور گمراہیوں کی تاریکیوں میں جادھکیلتے ہیں پھر اسے اسلام کی روشنی نظر آہی نہیں سکتی۔ اور یہ لوگ ہیں آگ والے اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔