سورة الأنبياء - آیت 74

وَلُوطًا آتَيْنَاهُ حُكْمًا وَعِلْمًا وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْقَرْيَةِ الَّتِي كَانَت تَّعْمَلُ الْخَبَائِثَ ۗ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمَ سَوْءٍ فَاسِقِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور ہم نے لوط کو علم اور حکم دیا ، اور اس بستی سے جو گندے کام کرتی تھی ، اسے بچا نکالا ، اور وہ لوگ بد ، اور گنہگار تھے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت لوط علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بھتیجے اور آپ پر ایمان لانے والے اور آپ کے ساتھ ہجرت کرکے شام جانے والوں میں سے تھے۔ اللہ نے ان کو بھی علم و حکمت، یعنی نبوت سے نوازا تھا۔ یہ جس علاقے میں نبی بنا کر بھیجے گئے اسے عمورہ و سدوم کہا جاتا ہے۔ یہ فلسطین کے بحیرہ مردار سے بجانب اردن ایک شاداب علاقہ تھا۔ جس کا بڑا حصہ اب بحیرہ مردار کا جزو بن گیا ہے۔ ان کی قوم لواطت جیسی بدفعلی، گزر گاہوں پر بیٹھ کر آنے جانے والوں پر آوازے کسنے اور انھیں تنگ کرنے ایسے افعال میں ممتاز تھی۔ جسے یہاں اللہ نے خباثت (پلید) کاموں سے تعبیر فرمایا ہے۔