سورة البقرة - آیت 246

أَلَمْ تَرَ إِلَى الْمَلَإِ مِن بَنِي إِسْرَائِيلَ مِن بَعْدِ مُوسَىٰ إِذْ قَالُوا لِنَبِيٍّ لَّهُمُ ابْعَثْ لَنَا مَلِكًا نُّقَاتِلْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ۖ قَالَ هَلْ عَسَيْتُمْ إِن كُتِبَ عَلَيْكُمُ الْقِتَالُ أَلَّا تُقَاتِلُوا ۖ قَالُوا وَمَا لَنَا أَلَّا نُقَاتِلَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَقَدْ أُخْرِجْنَا مِن دِيَارِنَا وَأَبْنَائِنَا ۖ فَلَمَّا كُتِبَ عَلَيْهِمُ الْقِتَالُ تَوَلَّوْا إِلَّا قَلِيلًا مِّنْهُمْ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ بِالظَّالِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

کیا تونے موسیٰ (علیہ السلام) کے بعد بنی اسرائیل کی اس جماعت کو نہیں دیکھا ، جنہوں نے اپنے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہا کہ ہمارے لئے ایک بادشاہ قائم کر کہ ہم خدا کی راہ میں لڑیں ، نبی (علیہ السلام) نے کہا کہ تم سے یہ بھی توقع ہے کہ اگر تم پر جنگ فرض ہوجائے تو تم جنگ نہ کرو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدا کی راہ میں کیوں نہ لڑیں گے جب کہ ہم اپنے گھروں اور بیٹوں سے جدا کئے گئے ہیں ، پھر جب ان پر قتال فرض ہوا تو سوائے تھوڑے سے آدمیوں کے وہ سب پھرگئے اور اللہ ظالموں کو جانتا ہے ۔ (ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

بنی اسرائیل میں یہ دستور رہا ہے کہ ان کے حکمران بھی انبیاء ہی ہوا کرتے تھے۔ انھیں کے پاس مقدمات کے فیصلے ہوتےتھے اور انہی کی سرکردگی میں جہاد کیا جاتا تھا۔ ابن کثیر اور دیگر مفسرین نے اس آیت كی تفسیر میں جو واقعہ بیان کیا ہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ بنو اسرائیل حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد کچھ عرصہ تک تو ٹھیک رہے پھر ان میں انحراف آگیا اور انھوں نے دین میں بدعات ایجاد کرلیں۔ حتیٰ کہ بتوں کی پوجا شروع کردی۔ انبیاء ان کوروکتے رہے لیکن یہ شرک سے باز نہ آئے اس کے نتیجے میں اللہ نے ان کے دشمنوں کو ان پر مسلط کردیا جنھوں نے ان کے علاقے بھی ان سے چھین لیے اور ان كی ایک بڑی تعداد کو قیدی بھی بنالیا۔ ان میں نبوت کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا بالآخر بعض لوگوں کی دعا ؤں سے سیموئیل نبی پیدا ہوئے جنھوں نے دعوت و تبلیغ کا کام شروع کیا۔ انھوں نے پیغمبر سے مطالبہ کیا کہ ہمارے لیے ایک بادشاہ مقرر کردیں جس کی قیادت میں ہم دشمنوں سے لڑیں۔ حقیقتاً یہ مطالبہ محض جہاد سے فرار کی ایک صورت تھی جو ان کی بزدلی پر دلالت کرتی تھی جسے انھوں نے اس رنگ میں پیش کیا کہ تم بوڑھے ہوگئے ہو اور ہمیں ایک نوجوان قائد کی ضرورت ہے۔ ان کے نبی سیموئیل کو چونکہ اصل مرض کا علم تھا، لہٰذا اس نے ان سے پختہ عہد لیا کہ اگر بادشاہ مقرر کردیا جائے تو پھر تو جہاد سے راہ فرار اختیار نہیں کرو گے جس کا انھوں نے یقین دلایا کہ ہم ایسا ہرگز نہیں کریں گے۔ لیکن جب جہاد فرض ہو اتو وہ مختلف حیلوں بہانوں سے اپنے کیے ہوئے عہد سے پھرنے لگے۔