سورة طه - آیت 131

وَلَا تَمُدَّنَّ عَيْنَيْكَ إِلَىٰ مَا مَتَّعْنَا بِهِ أَزْوَاجًا مِّنْهُمْ زَهْرَةَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا لِنَفْتِنَهُمْ فِيهِ ۚ وَرِزْقُ رَبِّكَ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور حیات دنیا کی آرائش کے سامان میں سے جو ہم نے ان میں سے بعض کو طرح طرح کے فوائد دیئے ہیں تو انکی طرف اپنی آنکھیں نہ پسار ، کہ اس میں ان کی آزمائش ہے اور تیرے رب کا رزق بہتر اور پائیدار ہے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

رزق کا وسیع تر مفہوم: یہاں رزق سے مراد صرف کھانے، پینے کی چیزیں ہی نہیں، بلکہ رزق کا لفظ اپنے وسیع معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ اور اس لفظ کا اطلاق ہر اس خدا داد نعمت پر ہوتا ہے۔ جوجسمانی یا روحانی اعتبار سے انسان کی تربیت کا باعث بن سکے۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے آپ کو جو قرآن کریم، منصب رسالت، فتوحات عظیمہ اور آخرت کے اعلیٰ ترین مراتب عطا فرمائے ہیں۔ ان کے مقابلہ میں اس چند روزہ سازو سامان کی کیا حقیقت ہے۔ لہٰذا ان کفار کی دنیوی زینت اور ٹھاٹھ باٹھ کی طرف نہ دیکھو یہ صرف ان کی آزمایش کے لیے انھیں یہاں ملی ہیں۔ کہ دیکھیں شکر و تواضع کرتے ہیں یا نا شکری اور تکبر کرتے ہیں۔ حدیث ایلاء میں آتا ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک کھردری چٹائی پر لیٹے ہوئے ہیں اور بے سروسامانی کا یہ عالم کہ گھر میں دو چمڑے کی چیزوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی آنکھوں میں بے اختیار آنسو آگئے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا عمر کیا بات ہے روتے کیوں ہو؟ عرض کیا یارسول اللہ! قیصر و کسریٰ کس طرح آرام و راحت کی زندگی گزار رہے ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا، باوجود اس بات کے کہ آپ افضل الخلق ہیں، یہ حال ہے؟ فرمایا عمر! کیا تم اب تک شک میں ہو یہ وہ لوگ ہیں جن کو آرام کی چیزیں دنیا میں ہی دے دی گئی ہیں یعنی آخرت میں ان کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔ (بخاری: ۲۴۶۸، مسلم: ۱۴۷۹)