سورة طه - آیت 86

فَرَجَعَ مُوسَىٰ إِلَىٰ قَوْمِهِ غَضْبَانَ أَسِفًا ۚ قَالَ يَا قَوْمِ أَلَمْ يَعِدْكُمْ رَبُّكُمْ وَعْدًا حَسَنًا ۚ أَفَطَالَ عَلَيْكُمُ الْعَهْدُ أَمْ أَرَدتُّمْ أَن يَحِلَّ عَلَيْكُمْ غَضَبٌ مِّن رَّبِّكُمْ فَأَخْلَفْتُم مَّوْعِدِي

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پھر موسیٰ (علیہ السلام) غصہ میں بھرا ہوا غمگین اپنی قوم کی طرف لوٹا کہا اے قوم کیا تمہارے رب نے تم سے اچھا وعدہ نہ کیا تھا ؟ کیا تم پر مدت بڑھ گئی تھی یا تم نے یہ چاہا ، کہ تم پر تمہارے رب کا غضب نازل ہو ، کہ تم نے میرے وعدہ کے خلاف کیا ؟ ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

موسیٰ علیہ السلام تورات لے کر جب واپس آئے تو سخت غضب ناک تھے آپ نے آتے ہی اپنی قوم سے پے در پے تین سوال کیے ایک یہ کہ اللہ نے جو تمھاری ہدایت کے لیے کتاب دینے کا وعدہ فرمایا تھا تو یہ گمراہی کی راہ تم نے از خود کیوں اختیار کی؟ کیا تمھیں اللہ کی ہدایت پسند نہیں تھی؟ دوسرا سوال یہ تھا کہ اللہ نے جتنی مدت بعد کتاب دینے کا وعدہ کیا تھا۔ کیا اس میں کچھ تاخیر ہو گئی تھی یا طویل مدت گزر چکی تھی اور تم انتظار کرتے کرتے تھک گئے تھے کہ کب ہدایت آتی ہے۔ آتی بھی ہے یا نہیں اس بنا پر تم نے خود ہی ایک راہ تجویز کر لی۔ اور اگر یہ دونوں باتیں درست نہیں تو پھر کیا تم ایسے شرکیہ کام کرکے اللہ کے غضب کو دعوت دینا چاہتے ہو یہ گؤ سالہ پرستی کا مرض ابھی تک تمھارے دلوں سے نکلا نہیں؟