سورة طه - آیت 42

اذْهَبْ أَنتَ وَأَخُوكَ بِآيَاتِي وَلَا تَنِيَا فِي ذِكْرِي

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

تو اور تیرا بھائی معجزے لے کر جاؤ ، اور میری یاد میں تم دونوں سستی نہ کرو ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ کے ذکر کا فائدہ: سیدنا ہارون علیہ السلام کو نبوت عطا کرکے سیدنا موسیٰ علیہ السلام کا مدد گار بنا دیا تو فرمایا: میری دی ہوئی دلیل اور معجزے لے کر تو اور تیرا بھائی فرعون کے پاس جاؤ اور میری یاد سے غفلت نہ کرنا، تھک کر نہ بیٹھ جانا۔ چنانچہ فرعون کے سامنے دونوں ذکر اللہ میں لگے رہتے۔ تاکہ اللہ کی مدد ان کے ساتھ ہو۔ کیونکہ اللہ کا ذکر ہی وہ چیز ہے جو اللہ والوں کی کامیابی کا ذریعہ اور دشمن کے مقابلہ میں بہترین ہتھیار ہے۔ اس سے اللہ کی طرف لو لگائے رکھنے اور اللہ پر بھروسہ کرنے کی صفت پیدا ہوتی ہے۔ پھر اس راہ میں جو بھی مصائب پیش آئیں ان کو صبر و استقلال سے برداشت کرنے کی قوت پیدا ہوتی ہے۔