وَاضْرِبْ لَهُم مَّثَلَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا كَمَاءٍ أَنزَلْنَاهُ مِنَ السَّمَاءِ فَاخْتَلَطَ بِهِ نَبَاتُ الْأَرْضِ فَأَصْبَحَ هَشِيمًا تَذْرُوهُ الرِّيَاحُ ۗ وَكَانَ اللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ مُّقْتَدِرًا
اور حیات دنیا کی مثال تو انہیں سنا ، وہ پانی کی مانند ہے جو ہم نے آسمان سے نازل کیا ، پھر اس میں روئیدگی مل گئی ، پھر کل کو چورا چورا ہوگئی ، اسے ہوا نے اڑایا ، اور اللہ ہر شئے پر قادر ہے ، (ف ١) ۔
حیات و موت کا نقشہ: اس آیت میں دنیا کی بے ثباتی اور ناپائیداری کو کھیتی کی ایک مثال کے ذریعے واضح کیا گیا ہے کہ کھیتی میں لگے ہوئے پودوں اور درختوں پر جب آسمان سے بارش برستی ہے تو پانی سے مل کر کھیتی لہلا اُٹھتی ہے، پودے اور درخت حیات نو سے سرسبز و شاداب ہو جاتے ہیں۔ لیکن پھر ایک وقت آتا ہے کہ کھیتی سوکھ جاتی ہے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے یا فصل پک جانے کے سبب سے، پھر ہوائیں اس کو اُڑائے پھرتی ہیں، ہوا کا ایک جھونکا کبھی اسے دائیں جانب اور کبھی بائیں جانب جھکا دیتا ہے۔ دنیا کی زندگی بھی ہوا کے ایک جھونکے یا پانی کے بلبلے یا کھیتی کی ہی طرح ہے۔ جو اپنی چند روزہ بہار دکھا کر فنا کے گھاٹ اتر جاتی ہے۔ اور یہ سارے اختیارات اس ہستی کے ہاتھ میں ہیں جو ایک ہے اور ہر چیز پر قادر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی یہ مثال قرآن مجید میں متعدد جگہ بیان فرمائی ہے۔ مثلاً سورہ یونس۲۵، سورہ زمر ۲۱، سورہ حدید۵۰ وغیرہ وغیرہ۔