سورة النحل - آیت 62

وَيَجْعَلُونَ لِلَّهِ مَا يَكْرَهُونَ وَتَصِفُ أَلْسِنَتُهُمُ الْكَذِبَ أَنَّ لَهُمُ الْحُسْنَىٰ ۖ لَا جَرَمَ أَنَّ لَهُمُ النَّارَ وَأَنَّهُم مُّفْرَطُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جسے خود ان کا جی نہیں چاہتا (یعنی لڑکیاں) اسے اللہ کے لئے تجویز کرتے ہیں اور ان کی زبانیں جھوٹ بولتی ہیں کہ ان کے لئے خوبی ہے ، بےشک ان کے لئے آگ ہے اور وہ (دوزخ میں) سب سے آگے ہیں ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ مشرک اپنے لیے بیٹیوں کے وجود کو ننگ عار سمجھتے ہیں مگر اللہ کے لیے وہی تجویز کرتے ہیں خود یہ برداشت نہیں کرتے کہ ان کی جائیداد، یا مال و دولت میں کوئی اجنبی آکر شریک ہوجائے لیکن اللہ کی کائنات میں اس کے شریک بنانا پسند کرتے ہیں ۔ خود یہ پسند نہیں کرتے کہ ان کا مذاق اڑایا جائے مگر اللہ کی آیات کامذاق اڑا کر خوش ہوتے ہیں۔ کرتوت تو ان کے یہ ہیں اور زبانی دعوے یہ ہیں کہ اللہ ان پر مہربان ہے، تبھی تو اس نے ہمیں مال و دولت سے نوازا ہے اور اگر قیامت قائم ہوئی بھی تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم پر مہربان نہ ہو، لہٰذا ہمارے لیے دنیا میں بھی بھلائی ہے اور آخرت میں بھی بھلائی ہی ہوگی ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ! یہ لوگ جھوٹ بکتے ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ دوزخ کی آگ ان کے انتظار میں ہے اور سب سے پہلے یہی لوگ اس کالقمہ بنیں گے، وہاں یہ رحمت رب سے بھلادیے جائیں گے اور برباد ہوجائیں گے۔ آج یہ ہمارے احکام بھلائے بیٹھے ہیں کل ہم انھیں اپنی نعمتوں سے بھلادیں گے ۔