سورة البقرة - آیت 184

أَيَّامًا مَّعْدُودَاتٍ ۚ فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوْ عَلَىٰ سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ ۚ وَعَلَى الَّذِينَ يُطِيقُونَهُ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِينٍ ۖ فَمَن تَطَوَّعَ خَيْرًا فَهُوَ خَيْرٌ لَّهُ ۚ وَأَن تَصُومُوا خَيْرٌ لَّكُمْ ۖ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

کئی روز ہیں شمار کئے ہوئے ، پھر جو کوئی تم میں بیمار ہو یا مسافر (ف ٢) وہ دوسرے دنوں میں شمار کرے ، اور جنہیں روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو ‘ وہ فدیہ دیں ایک فقیر کی خوارک اور جو کوئی شوق سے نیکی کرتا ہے اس کے لئے بہتر ہے اور جو تم روزہ رکھو تو تمہارے لئے اچھا ہے اگر تم سمجھ رکھتے ہو (ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

بیمار اور مسافر کو رعایت یہ ہے کہ وہ بعد میں روزوں کی گنتی کو پورا کرلیں اس میں حیض و نفاس والی عورتوں کو بھی رعایت ہے۔ لیکن اگر بیماری میں افاقہ كی اُمید نہ ہو تو ایسی صورت میں کفارہ دیا جاسکتا ہے کوئی شخص بوڑھا اور ضعیف ہو روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو تو وہ بھی کفارہ دے سکتا ہے اور یہ کفارہ دو وقت مسکین کو کھانا کھلانا ہے یا اس کے برابر نقد رقم ادا کرنا ہے۔ جس طرح سفر میں تکلیف بڑھ جانے سے روزہ کھول دینا سنّت ہے اسی طرح مرض بڑھ جانے کی صورت میں بھی روزہ افطار کیا جاسکتا ہے ورنہ اگر موت واقع ہوگئی تو یہ خود کشی تصور ہوگی؟ نیکی میں سبقت: جو کوئی خوشی سے ایک مسکین کے بجائے دو یا تین کو کھانا کھلادے تو اس کے لیے زیادہ بہتر ہے۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہےکہ ہم ایک سفر میں تھے اچانک کسی کے سر میں ایک پتھر لگا جس سے اس كا سر بُری طرح زخمی ہوگیا۔ اتفاق سے اس کو احتلام ہوگیا اس نے اپنے ساتھیوں سے پوچھا کیا میں تیمم کر سکتا ہوں وہ کہنے لگے نہیں پانی موجود ہے۔ (تم كو غسل كرنا چاہیے)چنانچہ اس نے غسل کیا تو اس کی موت واقع ہوگئی۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس واقعہ کا پتہ چلا تو فرمایا: ’’اللہ ان لوگوں کو ہلاک کرے انھوں نے اپنے ساتھی کو مار ڈالا۔‘‘(سنن ابوداؤد: ۳۳۷) جہالت اور لا علمی كا علاج پوچھ لینا ہے۔ چاہیے تو یہ تھا كہ وہ زخم پر پٹی باندھ لیتا، تیمم کرلیتا اور باقی جسم کو دھولیتا۔