سورة البقرة - آیت 10

فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ فَزَادَهُمُ اللَّهُ مَرَضًا ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ بِمَا كَانُوا يَكْذِبُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

ان کے دلوں میں بیماری ہے ، (ف ١) پھر خدا نے ان کی بیماری بڑھا دی اور جھوٹ بولنے کے سبب ان کے لئے دردناک عذاب ہے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

بیماری سے مراد منافقت کی بیماری ہے اور اللہ کے اس بیماری میں اضافہ كرنے سے مراد یہ ہے کہ وہ منافقین کو ان کی منافقت کی سزا فوراً نہیں دیتا۔ بلکہ انھیں ڈھیل دیتا ہے اور اس ڈھیل کی وجہ سے منافق لوگ اپنی چالوں کو کامیاب ہوتے دیکھ کر اور زیادہ مکمل منافق بنتے چلے جاتے ہیں۔ شوکت اسلام کے بڑھنے سے بھی ان کی بیماری میں اضافہ ہوتا گیا ۔ یہ وہ جھوٹ ہے جو وہ کہتے تھے (کہ ہم اللہ پر اور یوم آخرت پر ایمان لے آئے ہیں) جب کہ ان کے اعمال اور حرکات و سكنات اس کے مخالف تھیں۔ اسی لیے انھیں دردناک عذاب ہوگا۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے۔ ترجمہ:’’بلاشبہ منافق دوزخ کے سب سے نچلے درجے میں ہوں گے۔‘‘