سورة یوسف - آیت 64

قَالَ هَلْ آمَنُكُمْ عَلَيْهِ إِلَّا كَمَا أَمِنتُكُمْ عَلَىٰ أَخِيهِ مِن قَبْلُ ۖ فَاللَّهُ خَيْرٌ حَافِظًا ۖ وَهُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اس نے کہا ، میں تو اس پر تمہارا اعتبار کرتا نہیں ، مگر ہاں جیسا میں نے پہلے اس کے بھائی پر تمہارا اعتبار کیا تھا ویسا ہی تمہارا اعتبار اس پر بھی کرتا ہوں سو اللہ اچھا نگہبان ہے اور وہ مہربانوں میں بڑا مہربان ہے ۔(ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعقوب علیہ السلام نے کہا کہ تم نے یوسف علیہ السلام کو بھی ساتھ لے جاتے وقت اسی طرح حفاظت کا وعدہ کیا تھا لیکن جو کچھ ہوا، وہ تمھارے سامنے ہے اب میں تمھارا کس طرح اعتبار کروں؟ چونکہ غلہ کی ضرورت شدید تھی اس لیے اندیشے کے باوجود بنیامین کو ساتھ بھیجنے سے انکار مناسب نہیں سمجھا۔ اور اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے ساتھ بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔ وہی رحم کرنے والا ہے: آپ علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہی بہترین محافظ اور نگہبان ہے۔ میرے بڑھاپے اور میری کمزوریوں پر وہ رحم فرمائے گا اور جو رنج و غم مجھے اپنے بچے کا ہے۔ وہ دور کر دے گا۔ اور میرے بچے یوسف علیہ السلام کو مجھ سے پھر ملا دے گا۔