سورة ھود - آیت 84

وَإِلَىٰ مَدْيَنَ أَخَاهُمْ شُعَيْبًا ۚ قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَٰهٍ غَيْرُهُ ۖ وَلَا تَنقُصُوا الْمِكْيَالَ وَالْمِيزَانَ ۚ إِنِّي أَرَاكُم بِخَيْرٍ وَإِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ مُّحِيطٍ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور مدین کی طرف ان کے بھائی شعیب (علیہ السلام) کو بھیجا بولا اے قوم اللہ کی عبادت کرو ، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں ، اور ماپ تول میں کمی نہ کرو ، میں تمہیں آسودہ حال دیکھتا ہوں اور مجھے تمہاری نسبت گھیرنے والے دن کے عذاب کا خوف ہے۔ (ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

شرک ایک ایسی بیماری ہے جو تقریباً ہر قوم میں پائی جاتی ہے۔ بالخصوص ان اقوام میں ضرور موجود تھی جن کی طرف انبیا مبعوث ہوتے رہے یہی وجہ ہے کہ تمام انبیا علیہ السلام کی دعوت شرک کی تردید اور توحید کی دعوت تھی۔ اہل مدین میں نمایاں اخلاقی خرابی ناپ تول میں کمی کی تھی۔ ان کا معمول بن چکا تھا کہ جب اس کے پاس کوئی چیز فروخت کرنے کے لیے آتا تو اس سے ناپ اور تول میں زائد چیز لیتے اور جب خریدار کو چیز فروخت کرتے تو ناپ میں بھی کمی کر دیتے اور تول میں بھی ڈنڈی مار لیتے حضرت شعیب علیہ السلام نے انھیں ایک اللہ کی عبادت کرنے کے حکم کے ساتھ ہی ناپ تول میں کمی سے روکا کہ کسی کا حق نہ مارو۔ اور اللہ کا یہ احسان یاد دلایا کہ اس نے تمھیں آسودہ حال کر رکھا ہے۔ اور اپنا ڈر ظاہر کیا کہ اگر تم مشرکانہ حرکت اور ظالمانہ روش سے باز نہ آؤ گے تو تمھاری یہ آسودہ حالی بدحالی میں بدل جائے گی۔ اور قیامت والے دن تم عذاب سے نہ بچ سکو گے۔ گھیرنے والے دن سے مراد اس دن کوئی گناہ گار مواخذہ الٰہی سے بچ سکے گا نہ بھاگ کر کہیں چھپ سکے گا۔