سورة یونس - آیت 58

قُلْ بِفَضْلِ اللَّهِ وَبِرَحْمَتِهِ فَبِذَٰلِكَ فَلْيَفْرَحُوا هُوَ خَيْرٌ مِّمَّا يَجْمَعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

تو کہہ یہ اللہ کا فضل اور اس کی مہر سے سوچاہئے کہ وہ اس سے خوش ہوں ، یہ اس سے بہتر ہے جو سمیٹتے ہیں ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قرآن مال و دولت سے بہتر ہے۔ اہل ایمان کو بتلایا جا رہا ہے کہ قرآن اللہ کا انتہائی فضل اور اس کی کمال مہربانی ہے جو اس نے تمھارے لیے اتنی خوبیوں والی کتاب نازل فرمائی ۔ اس پر خوشی منانی چاہیے اور جس مال و دولت کو جمع کرنے کی لوگ سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں اس سے اس کتاب کا علم حاصل کر لینا ہزار درجہ بہتر ہے۔ کیونکہ مال و دولت توڈھلتی چھاؤں اور فنا ہونے والی چیز ہے۔ جبکہ اللہ کی کتاب ایسی نعمتوں کا راستہ دکھاتی ہے جو لازوال ہیں اور انھیں کبھی فنا نہیں مثلاً اخلاق فاضلہ، اعمال صالحہ اور جنت کی ابدی نعمتیں۔