سورة یونس - آیت 49

قُل لَّا أَمْلِكُ لِنَفْسِي ضَرًّا وَلَا نَفْعًا إِلَّا مَا شَاءَ اللَّهُ ۗ لِكُلِّ أُمَّةٍ أَجَلٌ ۚ إِذَا جَاءَ أَجَلُهُمْ فَلَا يَسْتَأْخِرُونَ سَاعَةً ۖ وَلَا يَسْتَقْدِمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

تو کہہ میں اپنی جان کے بھلے یا برے کا مالک نہیں ، مگر جو اللہ چاہے ہر امت کا ایک وقت ہے جب ان کا وقت آتا ہے ، تو ایک گھڑی بھی آگے پیچھے نہیں ہوتے۔ (ف ٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کو ہدایت دی کہ انھیں جواب دیں کہ میرے اختیار میں تو کوئی بات نہیں میں تو اپنے نفع ونقصان کا بھی مالک نہیں میں تو اللہ کا غلام اور اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہوں، مجھے جو بات بتلا دی جائے میں تو وہی جانتا ہوں۔ اُس نے مجھ فرمایا ہے کہ قیامت ضرور آئے گی نہ اس نے مجھے اس کا خاص وقت بتایا ہے نہ میں تمھیں بتا سکتا ہوں۔ سارا اختیار اللہ کے پاس ہے وہ اپنی مشیت کے مطابق ہی کسی کو نفع یا نقصان پہنچانے کا فیصلہ کرتا ہے۔ البتہ اللہ نے ہر اُمت کے لیے ایک وقت مقرر کیا ہوا ہے۔ اس وقت تک وہ مہلت دیتا ہے لیکن جب وہ وقت آجاتا ہے تو پھر وہ ایک گھڑی پیچھے ہو سکتا ہے نہ آگے سرک سکتا ہے۔ تنبیہ: یہاں یہ بات نہایت اہم ہے کہ جب افضل الخلائق سید الرسل محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک کسی کو نفع یا نقصان پہنچانے پر قادر نہیں تو آپ کے بعد انسانوں میں کون سی ایسی ہستی ہو سکتی ہے جو کسی کی حاجت براری اور مشکل کشائی پر قادر ہو؟ اسی طرح خود اللہ نے پیغمبر سے مدد مانگنا، ان سے فریاد کرنا’’یارسول اللہ مدد‘‘ اور ’’ اَغِثْنِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ‘‘ وغیرہ الفاظ سے استعانت کرنا کسی طرح بھی جائز نہیں کیونکہ یہ قرآن کی اس آیت اور دیگر واضح تعلیمات کے خلاف ہے۔ بلکہ یہ شرک کی ذیل میں آتا ہے۔ العیاذ باللہ۔ (تیسیر القرآن)